لاہور(رپورٹنگ آن لائن) گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور سے چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی کی قیادت میں8سینٹرز سمیت بلوچستان کے وفد کی ملاقات۔بلوچستان کی ترقی ،خوشحالی،حکومتی اور سیاسی امور سمیت دیگرا یشوز پر بات چیت کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے گور نر ہاؤس لاہور میں چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی، سینیٹرزسرفراز بگٹی،شاہ زیب دورانی ،احمد خان ،منظور کاکڑ ،انوار الحق کاکڑ ،نصیب اللہ ،سینٹر اشوک کمار ،چیئر مین سینٹ کے پرنسپل سیکرٹری حماد خان مری سمیت دیگر نے ملاقات کی۔
اس موقعہ پر گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیرا عظم عمران خان پاکستان کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں اور کوئی شک نہیں کہ پاکستان کی مضبوطی اور خوشحالی کیلئے بلوچستان کی ترقی لازم ہے اور وفاقی حکومت اس کیلئے تمام وسائل بیرور کا ر لارہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان سمیت چاروں صوبوں میں اپنے اتحادیوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ کورونا کیخلاف بھی تمام صوبوں کی سیاسی ومذہبی جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے تاکہ ہم پاکستان کو اس خطر ناک وباء سے نجات دلانے میں کامیاب ہوجائیں۔اُنہوں نے کہا کہ پنجاب بھی ہر مشکل وقت میں اپنے بلوچ بھائیوں کیساتھ کھڑا ہوتا ہے پینے کے صاف پانی کیلئے سرورفاؤنڈیشن بلوچستان میں الخیر فاؤنڈیشن کیساتھ ملکر فلٹر یشن پلانٹس لگارہی ہے اور کورونا بحران میں بھی ہم اپنے بلوچی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ہم سب ملکر پاکستان کو ترقی یافتہ خوشحال اور مضبو ط بنائیں گے اور قوم سے کیے جانیوالوں وعدوں پر عمل کریں گے۔
قبل ازیں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں کیپٹن صبیح اور سپاہی نویدکی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیر ستان میں دہشت گردوں کا فوجی قافلے پر حملے کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ہم ملکی دفاع کیلئے اپنی جان قربان کر نیوالے پاک افواج کے افسران اورنوجوانوں کو سلا م پیش کرتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ آج22کروڑ پاکستانی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں اور انشاء اللہ اس ملک سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا ہوگا۔