پرائیویٹ سکولز فیڈریشن

گورنر پنجاب سے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے صدر کی سر براہی میں وفد کی ملاقات

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا کی سر براہی میں آٹھ رکنی وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان میں موجودہ تعلیمی حالات کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی گئی اورپرائیویٹ سیکٹر کو درپیش مسائل سے گورنر پنجاب کو آگاہ کیا گیا۔

وفد نے کرونا وائرس سے ہونے والے تعلیمی نقصان پر بات کرتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ ملک میں موجود پرائیویٹ سکولز کو بچانا ہے جو دن بدن بند ہوتے جا رہے ہیں، ایس او پیز کے تحت دیگر شعبہ جات کی طرح پرائیویٹ سکولز بھی کھولے جائیں۔پرائیویٹ سکولز فیڈریشن نے عالمی معیار کے ایس او پیز تیار اورجاری کر دیئے ہیں۔

سکولز کی ٹائمنگ صبح 7 تا10اور2شفٹوں میں سماجی فاصلے کو برقرار رکھ کر کلاسز جاری رکھی جا سکتی ہیں۔نجی سکولزسمیت دیگر تعلیمی اداروں کی بندش سے 10لاکھ لوگ بے روزگار ہوجائینگے۔کاشف مرزا نے کہا کہ کرونا سے شدیدمتاثرہ ممالک میں تعلیمی ادارے کھلے ہیں،چین کے صوبے ووہان،برازیل، سپین، انگلینڈ،انڈیا، ایران، بنگلہ دیش،سری لنکا سمیت امریکہ، روس، ڈنمارک،فرانس، سوئٹزرلینڈ وغیرہ شامل ہیں۔

کاشف مرزا نے گورنر پنجاب کو آگاہ کیا کہ ٹیچرز تنخواہیں اور90فیصد اسکولزعمارتوں کے کرائے فکس ہیں۔بند سکولز کو بھی اوسط شرح بنیاد پریوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی ہے۔وزیراعظم ٹیچرز کیلئے”تعلیمی ریلیف پیکیج“کااعلان کریںجبکہ بورڈامتحانات منسوخ کرنے کی بجائے امتحانات سماجی فاصلے برقرار رکھ کرلئے جائیں۔

وفد نے گورنر پنجاب کو یہ بھی بتایا کہ اس وقت تقریبا 4000پرائیویٹ سکولزعملی طور پر بند ہو چکے ہیں اور بہت سے سکولز بند ہونے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

وفد نے بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب سے اپیل کی کہ آپ وزیراعظم، وزراعلیٰ،وفاقی وزیر تعلیم کو اعتماد میں لیں اور ان سے بات کریں کہ پرائیویٹ تعلیمی سیکٹر کو تباہی سے بچانے کے لیے اگست کے درمیان میں سکول کھولنے کا کوئی لائحہ عمل تیار کیا جائے۔

کاشف مرزا کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے وفد کو پرائیویٹ سکولز کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ این سی او سی کے چیئرمین وزیر اعظم ،وزراءاعلی ، وفاقی وزیرتعلیم اور دیگر حکام سے بات کریں گے تاکہ کوئی اچھا راستہ نکل سکے اور ایجوکیشن سسٹم دوبارہ بحال ہو۔

وفد کی قیادت کاشف مرزا صدر آل پاکستا ن پرائیویٹ سکولز فیڈریشن نے کی جبکہ وفد میںدیگر افراد ندیم انور، چوہدری شاہد،حسنین عباس، شاہد نور ،حنیف انجم، شکیل منور اور شائستہ ثمرین شامل تھےں۔