کراچی(رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی زیرِ صدارت 1500 ویں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی پرنور محافل کا سلسلہ جاری ہے۔
دسویں روز بھی گورنر ہاؤس میں منعقدہ محفل میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، اراکین اسمبلی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔محفل میں معروف نعت خواں حضرات الحاج صدیق اسماعیل، محمد اویس رضا قادری، محمود الحسن اشرفی اور وحید ظفر قاسمی نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے، اس موقع پر پیر حسان حسیب الرحمان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اور مولانا عمران بشیر نے براہِ راست سیرتِ طیبہ ﷺ پر جامع اور مؤثر بیان دیا۔
تقریب کے اختتام پر پیر محمد سید نقیب الرحمان نے دعا کروائی جبکہ گورنر سندھ نے بذریعہ قرعہ اندازی دو خوش نصیب شرکاء، شازیہ جاوید اور حمزہ حامد کو عمرہ کے ٹکٹ دیئے، انہوں نے اعلان کیا کہ بارہ ربیع الاول کی شب مزید 12 خوش نصیب افراد کے لیے عمرہ کے ٹکٹ کی قرعہ اندازی ہوگی۔
اپنے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ اللہ دلوں کے حال جانتا ہے، اس لیے دل صاف کریں اور سب کو معاف کریں، اگر نبی کریم ﷺ کی رحمت چاہتے ہو تو حسد سے دل کو پاک کریں اور تمام معاملات اللہ کے سپرد کریں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ اللہ کی راہ میں خرچ کرنے سے برکتیں نچھاور ہوں گی اور پریشانیاں ختم ہوں گی، جنت کے حصول کے لیے نیکیوں میں اضافہ کریں کیونکہ یہی نیکیاں بخشش کا ذریعہ بنیں گی۔