کراچی (رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو دنیا بھر میں تسلیم کیا جاتا ہے، یہی پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل سید عاصم منیر وہ سپہ سالار ہیں جنہیں برطانیہ میں بے انتہا تعظیم دی گئی اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جو افواجِ پاکستان کے اعلیٰ پروفیشنلزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت اور ملک کے دفاع میں افواجِ پاکستان کا کردار کلیدی ہے، یہی وجہ ہے کہ دشمن ہماری بہادر فوج کی صلاحیتوں سے خائف ہے۔
افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت دنیا بھر میں تسلیم شدہ ہے، اور برطانیہ، امریکہ اور خلیجی ممالک سمیت دنیا کے دیگر ممالک بھی ہماری فوج کے پروفیشنلزم کے معترف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہی وہ طاقت ہے جس کے باعث بھارت میلی آنکھ سے دیکھنے کی ہمت نہیں کر سکتا۔ اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے گورنر سندھ نے کہا کہ یہاں آکر احساس ہوا کہ اوورسیز پاکستانی دل سے پاکستان کے وفادار ہیں۔
وہ نہ صرف پاکستان سے محبت کرتے ہیں بلکہ ہر مشکل گھڑی میں اپنے ملک کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہم سے بڑھ کر اپنے وطن سے محبت کرتے ہیں، ان کی رائے اور تجاویز بھی اسی جذبے کا حصہ ہیں، کیونکہ وہ پاکستان کو ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ میں نے 17 ہزار سے زائد اوورسیز پاکستانیوں سے ملاقات کی اور یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ سب پاکستان اور افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وہ ہر حال میں اپنی فوج کے شانہ بشانہ ہیں اور اپنے وطن کی ترقی و استحکام کے لیے بھرپور کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے اور ان کے پاکستان سے جڑے رہنے کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ہمیں ان کے جذبات کی قدر کرنی چاہیے اور ان کے لیے مزید بہتر مواقع پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔