کامران ٹیسوری

گورنر سندھ نے دفتر کی تالہ بندی سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے دفتر کی تالہ بندی سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔

ذرائع کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے وکیل نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں عدالت عالیہ سندھ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ پرنسپل سیکرٹری سمیت کسی نے قائمقام گورنر اویس قادرشاہ کو اجلاس سے نہیں روکا، ویڈیو شواہد موجود ہیں کہ قائم مقام گورنر کو مکمل پروٹوکول دیا گیا۔

درخواست میں مؤقف اپنایاگیا ہے کہ قوانین کے مطابق قائمقام گورنر کو گورنر ہاؤس تک رسائی نہیں دی جاسکتی، سندھ ہائیکورٹ نے ہمارا مؤقف سنے بغیر ہی درخواست نمٹا دی۔گورنر سندھ کی درخواست پر سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے کہا کہ یہ آئینی درخواست ہے اس کی سماعت اسلام آباد میں آئینی بینچ کے روبرو ہوگی۔