کامران ٹیسوری

گورنر سندھ سے ویت نامی سفیر کی ملاقات، تجارتی و سماجی تعاون بڑھانے پر گفتگو

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ویت نامی سرمایہ کار سندھ کے منافع بخش شعبوں میں سرمایہ کاری کر کے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

اس ضمن میں سرمایہ کاروں کے لیے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جو سرمایہ کاری میں سہولت، رہنمائی اور معاونت فراہم کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویت نام کے سفیرPham Anh Tuanسے گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و سماجی روابط کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ویت نامی سفیر نے گفتگو کے دوران گورنر سندھ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے آئی ٹی کلاسز، امید کی گھنٹی اور راشن ڈرائیو جیسے فلاحی پروگراموں کو عوامی خدمت کی بہترین مثال قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ویت نام کے سرمایہ کار سندھ کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ بعد ازاں ویت نام کے سفیر نے گورنر ہاؤس میں پرچم کشائی کی، بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے تاریخی کمرے کا دورہ کیا اور شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔