فیصل کریم کنڈی 10

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار

پشاور (رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری تعزیتی بیان میں گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلیٰ قیادت سے متعلق افسوسناک خبر ایران سمیت پوری دنیا میں موجود مسلمانوں اور ان کے چاہنے والوں کےلیے صدمے کا باعث بنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع خطے میں امن و سلامتی کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔

گورنر نے کہا کہ ایران، اسرائیل اور خلیجی ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کےلیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرے۔ فیصل کریم کنڈی نے شہید کے درجات کی بلندی اور دنیا بھر میں موجود سوگواران کےلیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اس نازک وقت میں امت مسلمہ کو اتحاد، بردباری اور امن کے فروغ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر فرد اس غم میں ایران کے عوام کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار ہے ایسے حالات میں پاکستانی شہریوں کو چاہیئے کہ وہ پرامن احتجاج کریں تشدد کے عنصر سے گریز کریں تاکہ اسلام اور ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں