فیصل کریم کنڈی 63

گورنر خیبرپختونخوا کی ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس وین کے قریب دھماکے کی مذمت

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پنیالہ میں پولیس وین کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اور سفاک کارروائی قرار دیا ہے۔بدھ کو اپنے بیان میں گورنر نے دھماکے میں 3 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہداء کو قوم کے ہیرو قرار دیتے ہوئے ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے شہید اہلکاروں کے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہدا کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور صوبے میں امن کے قیام کے لیے جدوجہد ہر حال میں جاری رہے گی۔ ایسے بزدلانہ حملے قوم کےدہشتگردی کے خلاف مضبوط اور غیرمتزلزل عزم کو کمزور نہیں کرسکتے،خیبرپختونخوا کے عوام اور ادارے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں