گورنرسندھ عمران اسماعیل

گورنرسندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی کابینہ اراکین کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ عمران اسماعیل اوروزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کے اراکین کے ہمراہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم وفات کے موقع پر ان کے مزار پر حاضری دی ، قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ قائد اعظم نے عظیم جدوجہد کے ذریعہ برطانوی سامراج اور ہندوتوا سوچ کے خلاف ڈھال بن کر مسلمانوں کے لئے علیحدہ وطن حاصل کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان بانیان پاکستان بالخصوص قائد کے وژن کے مطابق ملک و قوم کی آبیاری کررہے ہیں۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ مشکل وقت پاکستان کے قیام کے ساتھ ہی رہاْ کیونکہ ہمسایہ ملک ہندوستان کی نظریں ہمیشہ پاکستان کی سالمیت پر رہی لیکن ہماری افواج پاکستان نے ہر اس جارحیت کا منہ توڑ جواب دیااور اپنے وطن پر آنچ نہیں آنے دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم قائد اعظم کے مزار پر یہ وعدہ کرتے ہیں کہ جس عزم و مقصد کے لئے یہ ملک قائم ہوا تھا انشااللہ اس مقصد کی تکمیل تک پہنچنے کے لئے ہم بھرپور کوشش کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو نہیں بھول سکتے ہیں کیونکہ قائد اعظم نے جو پاکستان بنایا تھا کشمیر اس کا حصہ اور شہ رگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اسٹریٹیجک پوزیشن معاشی ترقی کا مرکز ہے سی پیک کا بننا پاکستان کے لئے انتہائی ضروری ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج اگرہم قائد کے سنہرے اصول اتحاد ، تنظیم اور اعتماد پر عمل پیرا ہو جائیں تو ہم ملک کو زیادہ ترقی دے سکتے ہیں۔میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ گرین لائن منصوبہ اپنے پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے پہلے جو 40بسیں کراچی کے لئے روانہ ہوئی تھیں اب دوبارہ مزید 40بسوں کی شپمنٹ تیار ہے اور آج یا کل وہ شپمنٹ وہاں سے نکل جائے گی پہلی 40بسوں کی کھیپ 10سے 15روز کے اندر کراچی پورٹ پہنچ جائیں گی۔اس منصوبہ کا افتتاح وزیراعظم کراچی آکر خود کریں گے یہ صوبہ کا پہلا ماس ٹرانزٹ سسٹم ہوگا۔ ایک اور سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ کے سی آر کا افتتاح بہت جلد وزیراعظم کریں گے جبکہ K-IVمنصوبہ پر بھی کام جاری ہے اور جلداس ضمن میں وزیراعظم کو ایک جامع بریفنگ دی جائے گی۔