کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں گندم اور آٹے کی قیمتیں مستحکم ہیں لیکن پنجاب میں زیادہ قیمتیں یہاں کی مارکیٹ کو غیر مستحکم کرسکتی ہیں۔
وزیراعلی ہاوس میں گندم کے ذخیرے اور قیمتوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے، اجلاس میں وزیر خوراک ہری رام ، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ ، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو ، سیکرٹری فوڈ لئیق احمد اور دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلی کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری خوراک نے بتایا کہ سندھ میں گندم اور آٹے کی سپلائی اور قیمتیں مستحکم ہیں۔
اس پر مراد علی شاہ نے کہا کہ پنجاب میں بڑھتی قیمتیں سندھ میں مارکیٹ کو غیر مستحکم کرسکتی ہیں۔ واضح رہے کہ محکمہ خوراک سندھ کی جانب سے گندم کی نارمل ریلیز کا آغاز ستمبر کے مہینے میں ہوتا ہے۔ سیکریٹری خوراک لئیق احمد نے وزیراعلی سندھ کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں گندم کے بحران کی وجہ سے فورا ہی گندم کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب بھی سندھ میں گندم اور آٹے کی قیمتیں پنجاب کے مقابلہ میں کم ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ وہ پنجاب کی طرز پر گندم پہلے جاری کرے تاکہ مارکیٹ میں گندم کی قیمتیں مستحکم ہوسکیں۔ مراد علی شاہ نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ وہ ملک میں گندم کی پیداوار اور دستیابی کی مجموعی صورتحال واضح کریں۔
انہوں نے کہا کہ گندم کی قیمتوں کے تعین اور ریلیز کے معاملے کو بحث اور فیصلے کیلئے اسے کابینہ کے اگلے اجلاس میں رکھا جائے گا۔