لاہور( رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے کراچی کے معروف تجارتی مرکز گل پلازہ میں ہولناک آتشزدگی سے انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بہت بڑا سانحہ ہے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لئے پائیدار حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پنجاب کے عوام سانحے کے متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ لا پتہ افراد کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا کرے ۔
انہوں نے کہاکہ یہ سانحہ اس امر کا متقاضی ہے کہ بڑے تجارتی مراکز میں حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے غیر معمولی اقدامات اٹھائے جائیں اور طے شدہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی ہونی چاہیے ۔ سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ سندھ حکومت سے اپیل ہے کہ متاثرین کو شفافیت کے ساتھ جلد سے جلد امداد کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا جائے تاکہ ان کے دکھوں کا کسی حد تک مداوا ہو سکے ۔









