محمد جاوید قصوری

گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے اور گرفتاریاں شرمناک ، عالمی برادری نوٹس لے’ جماعت اسلامی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے غزہ کے مظلومین کے لئے انسانی ہمدردری کے تحت امداد لے کر جانے والے” گلوبل صمود فلوٹیلا ” میں جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان سمیت دیگر 45ممالک کے 500 شرکاء پر اسرائیلی فوج کی جانب سے حملے اور گرفتاریاں انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں ، اقوام متحدہ اور بالخصوص عالمی برادری کے منہ پر زور دار طمانچہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے تمام اخلاقی حدود کو عبور کر لیا ہے.

امن قافلے غیر مسلح ،ان کا مقصد اسرائیلی فوج کی طرف سے غزہ میں ہونے والے ظلم و بربریت، نسل کشی ، خواتین اور بچوں کو شہید کر نے والوں کا محاصرہ ختم کرنا اور امداد کو غزہ کے بچوں تک پہنچانا ہے، نہتے اور پر امن لوگوں کی گرفتاریوں کاعالمی برادری اس کا سخت نوٹس لے ۔ انہوں نے کہا کہ غزہ امداد لے کر جانے والے فلوٹیلا میں دنیا بھر سے افراد شامل ہیںجن کی حفاظت اولین ترجیح ہونی چاہئے ۔کتنے شرم کی بات ہے کہ اسرائیل ایک بد مست ہاتھی بن چکا ہے جس کے شر سے کوئی بھی محفوظ نہیں رہا ، نیتن یاہو نے عالمی امن کو سنگین خطرات سے دوچار کر دیا ہے ۔

دنیا کو اپنی بے حسی ختم کرنی ہو گی ۔ اسرائیل نے امریکی پشت پناہی پر 66ہزار سے زائد افراد کو شہید کر دیا ہے جس میں 70فیصد بچے اور خواتین شامل ہیں ۔ نیتن یاہو کاغزہ خالی کرنے سے انکار اور قبضہ قائم رکھنے کے اعلان نے امریکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام نہا د امن معاہدے کے غبارے سے ہوا نکال دی ہے ۔حکومت پاکستان نے قوم کو اعتماد میں لئے بغیر جس عجلت میں ڈونلڈ ٹرمپ کے معاہدے پر آنکھیں بند کر کے آمین کہا ، اس کا انجام سب کے سامنے ہے ۔جماعت اسلامی 4اکتوبر کو لاہور میں غزہ میں ہونے والے مظالم اور نام نہاد امن معاہدے پر پاکستانی حکومت کے موقف کے خلاف ملین مارچ کرے گی ۔دو ریاستی حل کی آڑ میں اسرائیل کو تسلیم نہیں کرنے دیں گے ۔

حکومت غلامی کی سیاست چھو ڑ کر قومی وقار اور جرات کی سیاست کریں ۔محمد جاوید قصوری نے آزاد کشمیر میں ہونے والے مظاہروں کے نتیجے میں 9افراد کی ہلاک پر شدید غم و غصے اورافسوس کا اظہا ر کرتے اسے قابل مذمت قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حالات کو کنٹرول میں رکھنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہوتی ہے جو کہ وہ پوری کرنے میں ناکام ہو چکی ہے ۔ حکمران عقل سے کام لیں اور امن کو قائم کیا جائے ۔ جماعت اسلامی پر امن احتجاج کی حمایت کرتی ہے ۔