وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 189

گستاخانہ خاکوں کی وجہ سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فرانسیسی میگزین میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گستاخانہ خاکوں کی وجہ سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں حکومت پاکستان کی طرف سے فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کی مذمت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی وجہ اربوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے،لوگ مشتعل ہیں اس بلا جواز حرکت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دیکھ رہے ہیں اسلاموفوبیا،نسل پرستی، زینوفوبیا کا رحجان بڑھتاچلاجا رہا ہے۔

اپنے وڈیو بیان میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہر عالمی فورم پر اس مسئلے کی نشاندہی کی،وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں معاملے کی نشاندہی کی، مسئلے کا تدارک ہوناچاہیے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی سطح پر مل بیٹھ کر یہ سوچنا چاہیے کہ ایسے رحجانات کو کیسے روکا جائے،جو دوسروں کے جذبات مجروح کرتے ہوں،ان کے خلاف بند کیسے باندھاجائے؟

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے،آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتے ہیں،آزادی اظہار رائے کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ دوسروں کی دل آزاری کا لائسنس آگیا ہے، توقع ہے عالمی برادری مسئلے کا تدارک،ایسے رحجانات کی بیخ کنی کرے گی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے حکومت فرانس کو اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا ہے،اپنے جذبات حکومت فرانس تک ان کے سفیر کے ذریعے پہنچا دیے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ توقع کرتا ہوں کہ ایسی گستاخانہ حرکت دوبارہ نہ دہرائی جائے،جنہوں نے یہ حرکت کی ہے انہیں کٹہرے میں لایا جائے اور سخت سے سخت سزا دی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں