اسلام آباد(ر پورٹنگ آن لائن ) گزشتہ مالی سال 2020ءکے دوران غیر ملکی قرضوں کی مد میں 23 فیصد زائد
ادائیگیاں کی گئی ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے
دوران پاکستان نے 11.895 ارب ڈلر کے غیر ملکی قرضہ جات واپس کئے ہیں جبکہ مالی سال 2019ء میں
غیر ملکی قرضوں کی مد میں 9.645 ارب ڈالر کی ادائیگی کی گئی تھی۔اس طرح مالی سال 2019 ء کے مقابلہ
میں گزشتہ مالی سال 2020ء کے دوران 2.250 ارب ڈالر یعنی 23 فیصد زیادہ ادائیگیاں کی گئی ہیں۔ رپورٹ
کے مطابق گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں اپریل تا جون 2020ء کے دوران حکومت نے 3.022 ارب
ڈالر کے غیر ملکی قرضے واپس کئے ہیں جبکہ اس عرصہ کے دوران مختلف غیر ملکی قرضوں پر سود کی
مد میں 559 ملین ڈالر بھی ادا کئے گئے ہیں۔ ایس بی پی کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران پیرس کلب
کنسورشیم، کثیر الملکی قرضوں اور کمرشل لونز کی مد میں 10.171 ارب ڈالر کی ادئیگیاں کی ہیں جبکہ
عالمی مالیاتی فنڈ کو بھی 904 ملین ڈالر اور زرمبادلہ کے ذخائر کے حوالہ سے 820 ملین ڈالر
کی بھی ادائیگی کی گئی ہے۔