اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن ) کراچی میں گرین لائن بس اپنے پورے روٹ پر پہلے دن چلی ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے مطابق کل کے روز 20 ہزار 646 افراد نے بس میں سفر کیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں اسد عمر نے بتایا کہ گزشتہ روز 20 ہزار 646 افراد نے ماڈرن گرین لائن بس میں سفر کیا۔
کراچی سرکلر ریلوے ( کے سی آر) میں نجی شعبے کے سرمایہ کاروں کو دعوت دینے کی منظوری کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے ، کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ ہمیشہ کیلئے بدل جائے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سے گرین لائن بس سروس کی بسیں اپنے پورے روٹ پر دوڑ رہی ہیں ، بسیں صبح 7 بجے سے رات 10 تک چلیں گی جبکہ مقررہ روٹ پر 22 سٹیشن ہوں گے جن پر 80 بسیں دوڑیں گی۔
بس ہر پانچ منٹ کے بعد سٹیشن پر آئے گی جبکہ حکومتی منصوبے کے مطابق مستقبل میں مزید بسوں کا اضافہ کر کے بس کے آنے کے وقفے کومزید کم کیا جائے گا۔ گرین بس کا ٹکٹ 55 روپے رکھا گیا ہے جبکہ روزانہ سفر کرنے والوں کیلئے کارڈ کی سہولت بھی میسر ہے۔
گرین بس میں معذور افراد کیلئے بھی سیٹیں مختص کی گئی ہیں ، ایک بس میں بیک وقت 150 مسافر سفر کر سکتے ہیں۔ ہر سٹیشن پر رکنے سے قبل بس کے اندر موجود سکرین پر سٹیشن کا نام آئے گا جس سے مسافر سٹیشوں سے آگاہ رہتے ہوئے آسانی سے اتر سکیں گے۔