کراچی(رپورٹنگ آن لائن)گذشتہ مالی سال 2019-20ء کے دوران پلاسٹک مصنوعات کی برآمدات میں 5.53 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا مئی 2019-20ء کے دوران (11 ماہ میں) پلاسٹک مصنوعات کی برآمدات کا حجم 274.198 ملین ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ جولائی تا مئی 2018-19ء کے دوران برآمدات سے 290.240 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔
اس طرح گذشتہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران پلاسٹک مصنوعات کی ملکی برآمدات میں 16.042 ملین ڈالر یعنی 5.53 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پی بی ایس کے مطابق بالحاظ وزن برآمدات 16.03 فیصد کے اضافہ سے 2 لاکھ 27 ہزار 855 میٹرک ٹن کے مقابلہ میں 2 لاکھ 64 ہزار 380 میٹرک ٹن تک بڑھ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق مئی 2020ء کے دوران پلاسٹک مصنوعات کی برآمدات میں 4.47 فیصد اضافہ سے برآمدات کا حجم 27.830 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ مئی 2019ء کے دوران 26.639 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔ اسی طرح اپریل 2020ء کے مقابلہ میں بھی مئی 2020ء-04 کے دوران پلاسٹک مصنوعات کی ملکی برآمدات میں 3.96 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔