سرگودہا ( ر پورٹنگ آن لائن) کیمپس ریڈیو سرگودہا یونیورسٹی مارننگ ٹرانسمیشن کا آغاز 14اگست سے کرے گا۔
سرگودہا یونیورسٹی کا کیمپس ریڈیو ایف ایم 98.2 شام کی کامیاب نشریات کے بعداپنی مارننگ ٹرانسمیشن کا آغاز یوم آزادی
14اگست 2020ء سے کررہا ہے۔کورونا کی صورتحال کے بعد پیدا ہونے والے مسائل کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سرگودہا یونیورسٹی
نے طلبہ کے تعلیمی تعطل کو دور کرنے کے لئے ڈیجیٹل ریفارمز کا سلسلہ مزید بڑھاتے ہوئے براڈ کاسٹ کے ذریعے جن
علاقوں میں انٹر نیٹ کی سہولت میسر نہیں وہاں تک رسائی کے لئے اپنے کیمپس ریڈیو ایف ایم 98.2کی ٹرانسمیشن کو استعمال کیا۔
اب مارننگ ٹرانسمیشن سے تعلیم، معلومات اور تفریح کا سلسلہ 14اگست سے شروع کرے گا۔مارننگ ٹرانسمیشن میں تعلیم و تحقیق
کے ساتھ ساتھ شہریوں کو معلومات کی فراہمی اور تفریحی پروگرامز کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔کیمپس ریڈیو نہ صرف سرگودہا بلکہ ارد گرد
کے اضلاع میں لوگوں کی ریڈیو پروگرامز میں براہ راست کالز کے ذریعے یونیورسٹی تک رسائی کو یقینی بنائے گا۔ علاوہ ازیں لوگوں کی
دلچسپی کو مد ِنظر رکھتے ہوئے ڈرائیو ٹائم ٹرانسمیشن کا اہتمام کیا جا رہا ہے تا کہ لوگ دفاتر آتے جاتے اپنی پسند کے پروگرامز سن سکیں۔