فیصل قریشی

کیرئیر سے ’’بوٹا فراہم ٹوبہ ٹیک سنگھ ‘‘ نکال دیا جائے تو شاید میری اپنی بھی نفی ہو جاتی ہے‘ فیصل قریشی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)نامور اداکار فیصل قریشی نے کہا ہے کہ اگر میرے کیرئیر سے ’’بوٹا فراہم ٹوبہ ٹیک سنگھ ‘‘ نکال دیا جائے تو شاید اس کے بعد میری اپنی بھی نفی ہو جاتی ہے ،یہ پراجیکٹ میرے لئے ٹرننگ پوائنٹ تھا جس نے مجھے شوبز میں مقبولیت دی اور میرا کیرئیر آگے بڑھا ۔

ایک انٹر ویو میں فیصل قریشی نے کہا کہ سب سے زیادہ با صلاحیت اور لیجنڈلوگوں کو متعارف کرانے کا سہرا پی ٹی وی کے سر ہے جو اس سے کوئی نہیں چھین سکتا اور ہم آج جو سٹارز سمجھے جاتے ہیں اس میں پی ٹی وی کا ہاتھ ہے ۔اب پی ٹی وی کی صورتحال ایسی نہیں کہ یہاں سے نیا نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے اوریہ کام نجی ٹی وی چینل سر انجام دے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کے بعد کراچی میں آکر جتنی کامیابیاں ملی ہیں مجھے اس کی توقع نہیں تھی لیکن میرا یہ یقین پختہ ہو گیا ہے کہ خدا نے جہاں آپ کا رزق لکھا ہوتا ہے آپ نے وہاں پہنچنا ہوتا ہے ۔ میں بڑا مطمئن اور خوشحال ہوں لیکن کبھی بھی لاہور کو فراموش نہیں کیا ۔