وزیراعظم محمد شہباز شریف

کہ ہم آئی ٹی کے شعبے میں تربیت پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں ،وزیراعظم

قاہرہ (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم آئی ٹی کے شعبے میں تربیت پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں ،ڈی ایٹ رکن ممالک کے لیے، نوجوانوں کو بااختیار بنانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان کی آبادی کے 60فیصد سے زیادہ حصہ 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے جو جدت اور ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ،ہماری کابینہ نے ڈی ایٹ رکن ممالک کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدے کے ساتھ ساتھ اس کے پروٹوکول کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے ۔

شہبازشریف نے ڈی ایٹ ممالک کے گیارہویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈی ایٹ سربراہی اجلاس کی میزبانی پر مصری حکومت اور اس کی قیادت کو مبارکباد دیتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اپنے برادر ملک آذربائیجان کو ڈی ایٹ کے نئے رکن کے طور پر خوش آمدید کہتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ آذربائجان ، صدر الہام علییوف کی قابل قیادت میں D8 کے مقاصد کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گا ۔ شہبازشریف نے کہاکہ نوجوان اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، معاشی ترقی کے کلیدی محرک ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ نوجوان توانائی، نئے خیالات، اور تخلیقی صلاحیتوں سے بھرپور ہیں ۔

شہبازشریف نے کہاکہ ایس ایم ایز ملازمتیں پیدا کرتے ہیں، اختراع کو فروغ دیتے ہیں مقامی کاروبار کو فروغ دیتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ڈی ایٹ رکن ممالک کے لیے، نوجوانوں کو بااختیار بنانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس سال کے سمٹ کا تھیم”نوجوانوں میں سرمایہ کاری، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے رجحان کا فروغ”دراصل 21ویں صدی میں ہماری اجتماعی خوشحالی کے لیے بلیو پرنٹ ہے ۔ شہباز شریف نے کہاکہ نوجوانوں میں سرمایہ کاری اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی جانب رجحان کا فروغ ہماری سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کی آبادی کے 60فیصد سے زیادہ حصہ 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے جو کہ جدت اور ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

شہبازشریف نے کہاکہ حکومت پاکستان اپنے فلیگ شپ یوتھ پروگرام کے ذریعے، معیاری تعلیم فراہم کرنے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پیداواری مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔ انہوںنے کہاکہ 2013 سے اب تک اس پروگرام کے ذریعے لائق اور قابل طالب علموں میں 600000 سے زائد لیپ ٹاپس تقسیم کیے جا چکے ہیں اور ہزاروں اسکالرشپس دی گئی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ لاکھوں نوجوانوں کومصنوعی ذہانت، ڈیٹا اینالیٹکس، اور سائبر سیکورٹی کے حوالے سے فنی تربیت فراہم کی گئی ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان دنیا کی سب سے بڑی فری لانسر کی کمیونٹیز میں سے ایک ہے۔ شہبازشریف نے کہاکہ ہم آئی ٹی کے شعبے میں تربیت پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں تاکہ بڑے پیمانے پر اپنے نوجوانوں کو جدید صلاحیتوں سے آراستہ کر سکیں، ڈیجیٹل دنیا کے ساتھ مزید بہتر طرح سے جڑ سکیں اور ملازمتوں کے مزید مواقع فراہم کئے جا سکیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت پاکستان نے یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر، لون سکیم کے ذریعے اربوں روپوں کے قرضے دیے ہیں، جس کا مقصد نوجوان پاکستانیوں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہمارے دیگر اقدامات، جیسے کہ، اسٹارٹ اپ پاکستان اور نیشنل انوویشن ایوارڈز کا مقصد ایک امید افزا، اسٹارٹ اپ ماحول کو فروغ دینا اور انکیوبیشن کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ گیارہواں ڈی ایٹ سمٹ ایس ایم ایز کے حوالے سے اشتراک کا ایک نادر موقع ہے ۔انہوںنے کہاکہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہماری کابینہ نے ڈی ایٹ رکن ممالک کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدے کے ساتھ ساتھ اس کے پروٹوکول کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے ۔