جشن کی تقریب

کھوکھر پیلس میں شہبازشریف ،حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ کیس میں بریت پر جشن کی تقریب کا انعقاد

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) کھوکھر پیلس میں وزیراعظم محمد شہبازشریف اور سابق وزیراعلیٰ حمزہ شہبازشریف کے منی لانڈرنگ کیس میں باعزت بری ہونے کی خوشی میں جشن کی تقریب منعقد کی گئی جس میں عہدیداران وکارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر کارکنان نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اس کی ذات میں ہمیں ایک مرتبہ پھر سرخرو کیا حق اور سچ کی جیت ہوئی انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے اور ہر اچھے برے وقت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے بہت دفعہ ہم پر ایسے کئی کیسز بنائے گئے لیکن ہم ان سیاسی کیس سے ڈرنے والے نہیں ہیں اللہ کے فضل سے پوری قوم جانتی ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں کبھی بھی ایک روپے کی کرپشن نہیں کی ہے ،

محمد شہباز شریف نے عوام کی خدمت کے لیے جو منصوبے بنائے اور بنا رہے ہیں اس کی پوری دنیا میں تعریف کی جاتی ہے ،محمد شہباز شریف نے سب سے زیادہ عوامی منصوبے بنائے تاکہ عوام کو بنیادی سطح پر سہولت میسر کی جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ میں ایک مرتبہ پھر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے میری قیادت کو سرخرو کیا اور حلقہ کی عوام کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں ۔