کھوکھر پیلس لاہور

کھوکھر پیلس لاہور میں پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی تقریب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر کھوکھر پیلس میں پُروقار تقریب کا انعقاد ،جس میں پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی سرگرمیوں کے ذریعے جشنِ آزادی جوش و خروش سے منایا گیا۔

تقریب میں ایم این اے و صدر مسلم لیگ (ن) لاہور ملک سیف الملوک کھوکھر، مقامی عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد صوبائی وزیر کھیل نے ملک سیف الملوک کھوکھر کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور شرکاء کے ساتھ جشنِ آزادی کا کیک کاٹا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ14 اگست اتحاد، یکجہتی اور قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ ہمیں اپنی آزادی کی قدر کرنی چاہیے، یہ لاکھوں قربانیوں کا ثمر ہے۔ 10 مئی کو آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی نے اس سال کے جشنِ آزادی کو مزید یادگار بنا دیا ہے۔ ہمیں اپنی پاک فوج پر فخر ہے اور ہم ہر لمحہ اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔

پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ کھیل اور نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، اسی لیے حکومت کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔اس موقع پر ایم این اے و صدر مسلم لیگ (ن) لاہور ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ یومِ آزادی کا دن ہمیں اس قربانی اور عزم کی یاد دلاتا ہے جس کے تحت پاکستان قائم ہوا۔

آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن رہیں۔ مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت اور ملک کی خوشحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، خوشحالی اور دنیا بھر میں امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔