لاہور ( رپورٹنگ آن لائن) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان محمد ثقلین نے کہا ہے کہ کچھ کالی بھیڑیں ایسی ہیں جو ہاکی فیڈریشن اور حکومتی عہدیداروں کو گمراہ کر رہی ہیں۔جونیئر ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کے لیے ایشیا کپ میں پاکستان کو اپنے پول میں بھارت یا جاپان کو ہرانا پڑے گا۔انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات اور تنازعات مل بیٹھ کر حل کرنے کی ضرورت ہے یکطرفہ کارروائی نہیں ہونی چاہیے۔
آپ فیڈریشن کے عہدیداروں کو بلائیں ان کی بھی بات سنیں اور پھر فیصلہ قوم کے سامنے سنائیں تاکہ کھیل کی بہتری ہو، قومی کھیل ہاکی کے ساتھ ایسا رویہ نہیں رکھنا چاہیے۔محمد ثقلین نے کہا کہ اس وقت پاکستان ہاکی کو اٹھانے کے لیے فنڈز کی ضرورت ہے، بھارت نے ہاکی پر 3ارب روپے لگائے تب کہیں اسے کئی دہائیوں کے بعد اولمپکس میں میڈل ملا۔جب تک انویسٹمنٹ نہیں کی جائے گی نتائج بھی حاصل نہیں ہوں گے، آج کل کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کے لیے بہت زیادہ خرچ کرنے کی ضرورت ہے، جب فزیکل فٹنس بہتر ہوگی آپ کسی بھی سطح پر مقابلہ کرنے کے اہل ہوں گے۔
محمد ثقلین نے پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کی جونیئر ایشیا کپ عمان میں شرکت کے حوالے سے کہا کہ جونیئر ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کے لیے ایشیا کپ میں پاکستان کو اپنے پول میں بھارت یا جاپان کو ہرانا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کو عمان کے موسم کا فائدہ حاصل ہوگا، پاکستان ٹیم گرم موسم میں ٹریننگ کر کے گئی ہے جبکہ جاپان نے سرد موسم میں ٹریننگ کی۔