کویت سٹی (رپورٹنگ آن لائن)کویت میں مجالسِ عزا کے انعقاد سے متعلق نئی ہدایات طے کر لی گئی ہیں۔
اس حوالے سے کمیٹی برائے مجالس عزا نے نائب اول وزیراعظم اور وزیر داخلہ شیخ فہد الیوسف سے ملاقات کی جس میں عزاداری کے شعائر کے احترام اور سکیورٹی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے نئے ضوابط پر اتفاق کیا گیا۔ان ضوابط کے مطابق گھروں میں مجالس کے انعقاد کی اجازت ہوگی تاہم شرکا کی تعداد 50 افراد سے زیادہ نہیں ہوگی۔
گھر سے باہر ہجوم یا لاڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی عائد رہے گی۔ اسی طرح مالی یا غیر مالی عطیات کو مجالس کے انتظامات میں استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔وزارتِ داخلہ نے اعلان کیا کہ عاشورہ کے بعد مجالس کو سکولوں میں جاری رکھنے یا دوبارہ اپنی مقررہ جگہوں پر منتقل کرنے کی اجازت ہوگی بشرطیکہ حدودِ احاطہ سے باہر کوئی سرگرمی نہ ہو اور باہر لاڈ اسپیکر استعمال نہ کیے جائیں۔ سکولوں میں کھانے کی تیاری کی اجازت بھی دی گئی ہے، تاہم اس کے لیے مکمل سکیورٹی اور سیفٹی تقاضے پورے کرنا لازمی ہوگا۔
مساجد میں منعقد ہونے والی مجالس کو پورے دن کی اجازت دی گئی ہے تاہم اختتام شام 9 بجے سے پہلے کرنا ہوگا۔اجلاس کے اختتام پر اس بات پر زور دیا گیا کہ سکولوں، امام بارگاہوں، مساجد اور گھروں میں مجالسِ عزا کے انعقاد کا مکمل اختیار صرف وزارتِ داخلہ کو حاصل ہوگا۔ نیز محرم کے ابتدائی دس دنوں میں امام بارگاہوں کو عام عوام کے لیے کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی، البتہ آن لائن براہِ راست نشریات کی سہولت دی جائے گی۔