شرجیل انعام میمن 28

کوشش ہے مشکل حالات میں عام آدمی پر کم سے کم بوجھ پڑے، شرجیل میمن

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کوشش ہے کہ مشکل حالات میں عام آدمی پر کم سے کم بوجھ پڑے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ موجودہ جنگی صورتحال پورے خطے میں ہے، وفاقی حکومت کو مجبوری میں پٹرول کی قیمت بڑھانی پڑی جس سے عوام پر بوجھ پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے عوام کے ریلیف کیلئے 35 ارب روپے کا پیکج دیا ہے، تاجروں کو ناراض کر کے کوئی فیصلہ نہیں کریں گے، سب سے زیادہ اہمیت کسان کو دی گئی ہے، 25 ایکڑ تک زمین رکھنے والے کسانوں کو پیسے ملنا شروع ہوگئے ہیں، 1500 روپے فی ایکڑ پر کسان کو مل رہے ہیں، ان کا ڈیٹا ہمارے پاس ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ دوسرے نمبر پر موٹر سائیکل والوں کو سہولت دی گئی ہے، روزانہ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے دفاتر کھلے ہیں، کل سے آج تک 15000 سے زائد لوگوں نے اپنے کوائف جمع کروائے ہیں، 6.7 ملین لوگوں کو 2 ہزار روپے فی اکاؤنٹ فراہم ہوں گے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ میں ٹرانسپورٹرز کو سبسڈی دی جا رہی ہے، یہ واحد صوبہ ہے جو پرائیویٹ بسوں میں بھی سبسڈی دے رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں