فواد چوہدری

کورونا کی صورتحال میں بہتری نہ آئی تو مزید سخت اقدامات کرنا پڑیں گے، فواد چوہدری

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر ملک میں کورونا کی صورتحال میں بہتری نہ آئی تو مزید سخت اقدامات کرناپڑیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت میں کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر بھارت سے آمدو رفت پر مکمل پابندی عائد ہے، یہ پابندی اپریل کے تیسرے ہفتے سے لاگو ہے اور اس مکمل عمدرآمد ہو رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے ملک میں کورونا کی موجودہ صورت حال پر کہا کہ اگرصورتحال میں بہتری نہ آئی تو پاکستان کے اندر مزید سخت اقدامات کرنے پڑیں گے، اس کے لئے تیاری کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ ملک میں پہلی مرتبہ کورونا سے ایک روز میں 201 افراد لقمہ اجل بنے ہیں جو کہ اس وبا کے پھوٹنے سے اب تک کا ریکارڈ ہے۔ صرف پنجاب میں گزشتہ روز کورونا سے 127 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔