لاہور (رپورٹنگ آن لائن)کورونا پھیلاﺅ میں اضافہ کے باعث پنجاب حکومت نے تجارتی سرگرمیاں رات 10 بجے بند کرنے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تجارتی سرگرمیاں اور ادارے رات 10 بجے بند کر دیے جائیں گے جبکہ میڈیکل سروسز، فارمیسیز، میڈیکل اسٹورز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ٹائرپنکچرشاپس،پھل وسبزیوں کی دکانیں،تندور،آٹاچکیاں کھلی رہیں گی جبکہ ڈرائیور ہوٹل، پیٹرول پمپس،آئل ڈپو،ایل پی جی شاپس اور فلنگ پلانٹس،زرعی آلات ورکشاپس،سپئرپارٹس شاپس،پرنٹنگ پریس بھی مسلسل کام جاری رکھ سکیں گے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کال سنٹرز50فیصد عملے کے ساتھ اور ریسٹورنٹس سے ٹیک اوے/ہوم ڈیلیوری سرویسز 24گھنٹے کام کر سکیں گے جبکہ تفریحی اور پبلک پارکس صبح 7 سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے۔نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ تمام صنعتی سرگرمیاں اور ادارے اس نوٹیفیکیشن سے مستشنی اپنا کام پہلے کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق جاری رکھیں گے۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ لازمی ماسک پہنے اور سماجی فاصلہ قائم رکھنے کے ایس او پیز پر پہلے کی طرح سختی سے عمل پیرا رہنا ہو گا اور نوماسک نوسروس کے قانون کوقائم رکھا جائے۔
کیپٹن(ر)محمد عثمان نے کہا کہ اس نوٹیفیکیشن کا اطلاق فوری طور پر لاہور،ملتان اور راولپنڈی ڈسٹرکٹ کے علاقائی حدود پر ہوگا، فیس ماسک،ہینڈ سینیٹائزر اور گلوز کا استعمال مسلسل جاری رکھا جائے۔