لاہور(رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت نے کورونا وباء کے دوران تاجروں کے بلوںکی ادائیگی کیلئے مختص100ارب رکھے لیکن صرف 15ارب روپے خرچ ہوئے ،مطالبہ ہے کہ حکومت بچ جانے والی رقم سے معاشی مشکلات کا شکار تاجروںکوریلیف دے۔اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہاکہ رپورٹ کے مندرجات کے مطابق حکومت نے کورونا وباء کے دوران عام عوام کو ریلیف ،تاجروںکے بلوںکی ادائیگی سمیت کسی بھی شعبے کیلئے مختص بجٹ کومکمل طو رپر خرچ نہیں کیا جو حکومت کی نااہلی کو ثابت کرتا ہے ۔
انہوںنے کہاکہ آج تاجر انتہائی مہنگا کمرشل یونٹ خریدنے پر مجبور ہیں اس لئے حکومت سے مطالبہ ہے کہ کورونا وباء کے دوران مختص رقم میں سے باقی ماندہ 85ارب روپے تاجروں کو بجلی کے بلوںپرسبسڈی دینے کیلئے رکھے جائیں تاکہ اس طبقے کو بھی سکھ کا سانس آ سکے۔انہوںنے مزیدکہا کہ حکومت کورونا کی نئی لہر کی آڑ میںکسی طرح کے بھی اقدامات سے پہلے تاجر تنظیموںکو اعتماد میں لے اور مشاورت سے فیصلے کئے جائیں۔