لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے کہا کہ اپنی جانوں کو خطرات میں ڈال کر کورونا جیسی مہلک وبا سے متاثرہ مریضوں کا علاج کرنے والے مسیحاؤں کو پاکستان سمیت دنیا بھر کے لوگ فرشتے اور محسن انسانیت قرار دے رہے ہیں اور کورونا وائرس کی تشخیص کے لئے ٹیسٹوں کے فرائض منصبی جاں فشانی سے ادا کرنے والے ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکس اور لیب ٹیکنیشنز کی خدمات بھی فراموش نہیں کی جا سکتیں جنہوں نے دن رات محنت کر کے ملک و قوم کو اس خطرے سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی۔
ان خیالات کا اظہارپروفیسر الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال کی سینٹرل ریسرچ لیب میں اب تک 55ہزار پی سی آر ٹیسٹ مکمل کرنے پر متعلقہ سٹاف کی حوصلہ افزائی کیلئے منعقدہ تقریب میں اعزازی شیلڈز تقسیم کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ریسرچ لیب ڈاکٹر غزالہ روبی، ڈاکٹر عبدالعزیز و دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ہدایت پر کورڈ19وائرس کی تشخیص کے لئے جنرل ہسپتال میں یہ ٹیسٹ بلا معاوضہ کیے گئے جبکہ ان ٹیسٹوں پر خرچ ہونے والی رقم نجی مارکیٹ میں 35کروڑ 75لاکھ سے زائد بنتی ہے۔ پرنسپل پی جی ایم آئی کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت اورنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز اسلام آباد کے ماہرین نے بھی ایل جی ایچ لیب کے ٹیسٹوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا جس پر میرے سمیت تمام ٹیم کو فخر ہے۔ انہوں نے تلقین کی کہ ہسپتال کا تمام عملہ کسی انسانی خدمت کے جذبے کو قائم رکھتے ہوئے کورونا مریضوں کی تشخیص و علاج میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مرض کے علاج کے لئے تشخیص ہی اصل بنیاد ہے جس پر مریض کا علاج معالجہ آگے بڑھتا ہے اور اُس کے صحت مند ہونے کا تعین کیا جاتا ہے۔
پروفیسر الفرید ظفرنے مزید کہا کہ کورونا وائرس تیزی سے ایک انسان سے دوسرے انسان کو منتقل ہونے والی بیماری ہے لہذا ہیلتھ پروفیشنلز کو اپنی حفاظت یقینی بنانے کے لئے تمام احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز کا خیال رکھنا چاہیے تاکہ متاثرہ شخص سے وائرس کسی میڈیکل سٹاف کو منتقل نہ ہو سکے۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال میں شعبہ طب سے تعلق رکھنے والے ہمارے بہت سے ڈاکٹر ز و دیگر سٹاف دوسروں کی جانیں بچاتے ہوئے اپنی زندگیاں گنوابیٹھے ہیں جن کو جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہوگا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کریں تاکہ اس بیماری کی روک تھام کو ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ عید تعطیلات کے دوران عوام نے حکومتی ایس او پیز پر کافی حد تک عمل کیا جس کے باعث کورونا کی شرح میں واضح کمی ہوئی ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ لوگ اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کی حفاظت اپنی قومی ذمہ داری سمجھ کر نبھائیں اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد جاری رکھیں۔