پروفیسر ڈاکٹر

کورونا سے بچاؤ: نوجوان سوشل میڈیا سے آگاہی فراہم کریں،پروفیسر الفرید ظفر

لاہور(ر پورٹنگ آن لائن) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹرسردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر حکومتی سطح پر ہفتہ آگاہی منانا انتہائی خوش آئند امر ہے جس سے عوام میں اس خطرناک وائرس سے بچاؤکیلئے اختیاطی تدابیر پر عملدرآمد کی آگاہی ہوگی اور انشاء اللہ اس مرض کے پھیلاؤ میں روک تھام ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو فیس ماسک کا استعمال کرنا اپنا شعاربنا لینا چاہیے اور اس سلسلے پی جی ایم آئی،امیر الدین میڈیکل کالج، الائیڈہیلتھ سائنسز سکول، نرسنگ کالج ایل جی ایچ کے طلبا و طالبات،ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے علاوہ خصوصاً نوجوان نسل کو اپنا کردار ادا کرتے ہوئے سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو بریف کرنا چاہیے کیونکہ نوجوان نسل ہی ملک کے مستحکم مستقبل کی ضمانت ہیں۔

ہفتہ آگاہی کے سلسلے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ شہریوں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز، نرسز،اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بھی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے عزیز و اقارب اور دوست احباب کو اس مہلک و جان لیوا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے انہیں زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ آج سوشل میڈیا اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں سہولیات کے پیش نظر دوسروں تک پیغام رسانی کوئی مشکل کا م نہیں اور اس پیچیدہ صورتحال میں لوگوں کو اس سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونا چاہیے اور طبی ماہرین کے بتائے ہوئے ایس او پیز پر عملدآمد کو یقینی بنانا چاہیے۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے مزید کہا کہ کورونا کے حوالے سے ملکی صورتحال اس وقت انتہائی تشویشناک ہے اور مریضوں کی تعداد بڑھنے کے ساتھ شرح اموات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کئی گنا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کا واحد حل عوام کے پاس ہے اور ا حتیاطی تدابیر کو ہر گز نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔پروفیسرالفرید ظفرنے کہا کہ کورونا ایک ایسی بیماری ہے جس میں مریض کے لواحقین و تیماردار بھی اس کے نزدیک نہیں آتے اور انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے کے لئے کوروناکے مریض کو آئسولیشن یعنی قرنطینہ میں رکھنا پڑتا ہے جو مریض کے لئے ایک صبر آزما امتحان سے کم نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے علاج معالجے کی تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے باوجود مریض شدیدکرب اور نفسیاتی مرض سے گزرتا ہے۔
سربراہ جنرل ہسپتال نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ گھروں میں موجود بزرگوں کی صحت کا خاص خیال کرتے ہوئے غیر ضروری سیر و تفریح سے گریز کریں اور کسی کام کے سلسلے میں باہر جاتے ہوئے فیس ماسک کا استعمال لازمی کریں تاکہ حکومت کی طرف سے ہفتہ آگاہی کے زیادہ سے زیادہ مثبت نتائج سامنے آ سکیں۔