لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کوروناوائرس کی ریپڈ ٹیسٹنگ سے تشخیص جلدہو جاتی ہے لیکن نتائج مصدقہ نہیں ہوتے، پنجاب حکومت نے وفاق کو اینٹی جین ٹیسٹنگ سے متعلق تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگرریپڈ ٹیسٹنگ میں نتائج مثبت آ بھی جائیں تو دوبارہ پی سی آر کرانا ضروری ہوتا ہے۔ ترجمان محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے بتایا کہ وفاق کو معاملہ پر اپنے تحفظات سے آگاہ کر چکے ہیں۔
صوبائی محکمہ صحت کے مطابق پنجاب کے علاوہ کسی بھی صوبہ میں ریپڈ ٹیسٹنگ کا آغاز نہیں کیا گیا۔ وفاق نے تمام صوبوں کو 20نومبر سے اینٹی جین ٹیسٹنگ شروع کرنے کی ہدایت دی تھی۔