پروفیسر الفرید ظفر

کوروناوائرس کیخلاف حکومت کی ویکسینیشن مہم انتہائی مستحسن اقدام ہے:پروفیسر الفرید ظفر

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کورونا کی وبا اپنی نئی شکل میں پھیل چکی ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ماضی کے تجربے کو سامنے رکھتے ہوئے دوبارہ اس چیلنج سے احسن انداز میں نبرد آزما ہوں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کے خلاف ویکسینین مہم شروع کر کے انتہائی مستحسن اقدام اٹھایا ہے جس سے انشاء اللہ آنے والے دنوں میں صورتحال بہتری کی طرف جائے گی۔
 پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ”کورونا ایک وبا ہے احتیاط جس کی شفاء ہے”کے نعرے کو ہر شخص تک پہنچانا اور اس پر عمل کرنا ہم سب کی انفرادی و اجتماعی ذمہ داری ہے جس کے لئے میڈیا اور ہیلتھ پروفیشنلز کو اپنا مثبت کردارادا کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ با شعور قومیں چینلجز سے گھبراتی نہیں بلکہ اپنے مثبت طرز عمل سے مشکل حالات کو بدلنے میں بہت جلد کامیاب ہو جاتی ہیں۔


ایک سوال کے جواب میں پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ حکومت کی طرف سے شروع کردہ ویکسین مہم سے بھرپور استفادہ کرے اور اس کے ساتھ ساتھ گھروں میں اور پبلک مقامات پر پہلے سے موجود ایس او پیز کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ عمر رسیدہ افراد کے لئے پہلے ہی ترجیحی بنیادوں پر ویکسین کی فراہمی جاری ہے کیونکہ اُن کے لئے اس وبا میں مبتلا ہونے کا زیادہ خطرہ ہے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے یقین دلایا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال بالخصوص کورونا کی صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں اور ہم سب اجتماعی کوششوں کے ذریعے ان حالات سے جلد نکل آئیں گے اور ماضی کی دو لہروں کی طرح کورونا کی اس لہر میں بھی پاکستان کو کم سے کم نقصان کا سامنا ہوگا۔