اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہمارے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے،احتجاج سے متعلق عدالتی فیصلے کو پوری قوت سے نافذ کریں گے، بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کے عمران خان حکومت کے خاتمے میں مبینہ غیر ملکی سازش کے حوالے سے دعو ے اور سعودی عرب پر الزامات شرمناک اقدام ہے، متنازع بیان دے کر پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات پر وار کیا گیا ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کےساتھ ہمارے تاریخی تعلقات ہیں، پچھتر سال کی تاریخ گواہ ہے کہ سعودی عرب نے ہر مشکل میں، ہر بحران میں پاکستان کی مدد کی ہے۔سعودی عرب میں 28 لاکھ پاکستانی روزگار کمارہے ہیں اور وہاں سے اربوں روپے کی ترسیلات زر وطن بھیجتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایک دوست اسلامی ملک کے بارے میں الزمات اتنہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔
سیاست بچانے کےلئے دوست ملک الزامات انتہائی گھٹیا حرکت ہے، بشری بی بی نے متنازع بیان سیاست کی ڈوبتی کشتی بچانے کے لیے دیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کی طرف سے مذہبی دیوالیہ پن کا بھی مظاہرہ کیا گیا، یہ لوگ خود کومذہب کا ٹھیکدار سمجھتے ہیں، بیان میں قابل اعتماد شخص کی طرف اشارہ کیا گیا۔بشری بی بی اپنے آپ کو شریعت کہہ رہی ہیں۔ اگر بشری بی بی شریعت ہے تو اللہ ہی حافظ ہے، اپنی ڈوبتی کشتی بچانے کے لیے ایسی حرکت گھٹیا ہے،ایسی سیاسی پستی پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی۔
جنرل باجوہ کو ذاتی حیثیت میں الزام کی تردید کرنی چاہیئے ۔خواجہ آصف نے کہا کہ تحریک انصاف میں خواتین کے درمیان جھگڑا چل رہا ہے، یہ سارا جھگڑا سیاسی جماعت کی وراثت کےلئے ہو رہا ہے، وراثت کی لڑائی میں3 خواتین ایک طرف اور بشری بی بی دوسری طرف ہیں۔ یہ سیاست کا بدصورت چہرہ ہے۔ بشری بی بی نے مذہب کی بھی توہین کی ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جس ملک کے خلاف بیان دیا، ان کی گھڑی لےکر انہوں نے کاروبار کیا، ایپکس کمیٹی میں گنڈاپور نے کہا کہ توشہ خانہ سے سب نے تحائف لیے، گنڈاپور آئے روز اسلام آباد اور پنجاب پر حملہ آورہورہے ہیں، خیبرپختونخوا دہشت گردی کا شکار ہے، دہشت گردی کی روک تھام کےلئے خیبرپختونخوامیں کوئی اقدام نہیں کیاگیا۔
ایک سوال پر وزیر دفاع نے کہا تحریک انصاف کے احتجاج سے متعلق عدالتی فیصلے کو پوری قوت سے نافذ کریں گے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت کا پی ٹی آئی سے کوئی رابطہ ہے نہ ہی ہمارے کوئی مذاکرات ہو رہے ہیں احتجاج سے متعلق عدالتی فیصلے کو پوری قوت سے نافذ کریں گے، عوام اور ریاست دونوں احتجاج کرنے والوں کا بندوبست کریں گے۔ وزیر دفاع نے کہا کل بھی خیبرپختونخوا مین خون ریزی ہوئی اور وزیراعلی ہر چوتھے دن وفاق یا پنجاب پر حملہ آور ہو جاتے ہیں، خیبرپختونخوا حکومت نے دہشت گردی کے خلاف اب تک کیا کیا ہے؟