کراچی (ر پورٹنگ آن لائن)پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات نے سیمی فائنل میں پاکستان کی شکست کے بعد قومی کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کردی۔گزشتہ روز دبئی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل کھیلا گیا جس میں قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سیمی فائنل دیکھنے کیلئے جہاں شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد سٹیڈیم میں موجود تھی تو وہیں شوبز ستارے بھی ٹیم کا مورال بلند کرنے کیلئے وہاں موجود تھے جن میں مہوش حیات، فیصل کپاڈیا اور عاصم اظہر سمیت دیگر شوبز ستارے شامل تھے۔
مہوش حیات نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر قومی کرکٹرز کے لیے خصوصی ویڈیو شیئر کی ہے جو میچ کے بعد اسٹیڈیم میں بنائی تھی۔مہوش حیات نے اپنے ویڈیو پیغام میں قومی کرکٹرز سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ‘کوئی بات نہیں، تْم جیتو یا ہارو، ہمیں تْم سے پیار ہے۔’اداکارہ نے کہا کہ ‘ہمیں سبز رنگ کے اپنے لڑکوں پر بہت فخر ہے، آپ نے پورے ٹورنامنٹ میں واقعی اچھا کھیلا۔’اْنہوں نے کہا کہ ‘آپ نے اپنی شاندار پرفارمنس سے ہمیں فخر محسوس کروایا اور ہمارا دل جیت لیا۔’مہوش حیات نے مزید کہا کہ ‘ہم آپ سے ہمیشہ محبت کرتے رہیں گے۔’









