اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپریم کورٹ نے کوئٹہ میں وکیل قتل کیس میں نامزدگی کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر چوبیس جولائی کا حکم نامہ جاری کر دیا ۔
سپریم کورٹ نے 24 جولائی کی سماعت کا حکمنامہ جاری کر دیا جس کے مطابق عدالتی حکم پر درخواست گزار ذاتی حیثیت میں پیش ہوئے، مدعی مقدمہ کے وکیل نے التواء کی استدعا کی، التواء کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 9 اگست تک ملتوی کی جاتی ہے۔
حکمنامہ کے مطابق اس دوران چیئرمین پی ٹی آئی کو وکیل قتل کیس میں گرفتار نہ کیا جائے، ابھی کیس کے میرٹ پر کوئی دلائل نہیں دیئے گئے، ممکن ہے گرمیوں کی چھٹیوں کی وجہ سے آئندہ سماعت پر موجودہ بینچ دستیاب نہ ہو، 24 جولائی کی عدالتی کارروائی کو ایسے سمجھا جائے جیسے کیس سنا ہی نہیں گیا، آئندہ سماعت پر کیس کسی بھی دستیاب بینچ کے سامنے سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔