کنگنا رناوت

کنگنا رناوت فلم ایمرجنسی کو تاحال ریلیز کی اجازت نہ مل سکی

ممبئی(رپورٹنگ آن لائن)بھارتی سینسر بورڈ نے بالی ووڈ اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت کی نئی فلم ایمرجنسی کی ریلیز کا سرٹیفیکیٹ روک دیا ۔بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت نے اپنے بیان میں کہاکہ سینسر بورڈ نے تاحال میری فلم ایمرجنسی کو ریلیز کا سرٹیفیکیٹ نہیں دیاہے۔

کنگنا رناوت نے کہاکہ سوشل میڈیا پر افواہیں زیر گردش ہیں کہ سینسر بورڈ نے میری فلم ایمرجنسی کو کلیئر قرار دیتے ہوئے ریلیز کی اجازت دے دی ہے لیکن یہ سچ نہیں ہے بلکہ حقیقت تو یہ ہے فلم کے چند مناظر کی وجہ سے سینسر بورڈ کے ممبران کو جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔

اداکارہ نے کہاکہ سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیٹ (سی بی ایف سی)نے فلم کی ریلیز کا سرٹیفیکیٹ روک دیا اور اب ہم پر دبائو ڈالا جارہا ہے کہ فلم سے اندرا گاندھی کے قتل اور پنجاب کے فسادات کے مناظر نکال دئیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم فلم سے یہ مناظر ہی نکال دیں گے تو ہم فلم میں کیا دکھائیں؟، مجھے بھارت کے چند لوگوں کی سوچ پر افسوس ہے۔