ساہیوال

کمشنر ساہیوال ڈویژن/چیئرمین بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل نے طلبہ و طالبات پر زور دیا ہے کہ وہ وطن کی خدمت کے جذبے کے تحت تعلیم حاصل کریں تاکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔

اوکاڑہ (شیر محمد)انہوں نے یہ بات ساہیوال بورڈ آفس میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات 2025 میں بورڈ پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو لاہور روانہ کرنے کے موقع پر ان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

یہ طلبہ و طالبات 2 اکتوبر بروز جمعرات لاہور میں ہونے والی مرکزی تقریب میں ساہیوال بورڈ کی نمائندگی کریں گے جہاں وزیراعلی پنجاب مریم نواز انہیں نقد انعامات سے نوازیں گی۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رانا نوید عظمت اور سیکرٹری بورڈ محمد فیاض سلیمی بھی موجود تھے۔ سیکرٹری بورڈ نے بتایا کہ ساہیوال بورڈ کے 42 طلبہ و طالبات اس تقریب میں شریک ہو رہے ہیں جن میں 12 میٹرک اور 30 انٹرمیڈیٹ امتحانات کے پوزیشن ہولڈرز ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہر طالب علم کے ساتھ ان کے والد یا والدہ میں سے کوئی ایک اور ایک ٹیچر کو بھی مرکزی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور حوصلہ افزائی کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔