گلوکار شفقت امانت علی

کلاسیکل موسیقی ایک مشکل فن ہے ،برسوں کی ریاضت درکار ہوتی ہے ‘ گلوکار شفقت امانت علی

لاہور ( این این آئی) معروف گلوکار شفقت امانت علی نے کہا ہے کہ کلاسیکل موسیقی ایک مشکل فن ہے جس کے لئے برسوں کی ریاضت درکار ہوتی ہے ۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ میں نے اپنے کیریئر کے دوران مشکلات کا دور بھی دیکھا ہے ،

گورنمنٹ کالج سے گریجویشن کرنے کے بعد میں کراچی چلا گیا اور وہاں میں نے بھرپور محنت کی اور بعض اوقات میں فوکل بوتھ میں بھی سوتا رہا اور بالآخر کامیابی میرے حصے میں آہی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ لیجنڈ گلوکار طفیل نیازی جیسا گلوکار پورے برصغیر میں پیدا نہیں ہوا ،

میں نے اپنی سولو البم میں ان کا گایا ہوا گانا ’’ میں نئی جانا کھیڑیاں دے نال ‘‘ شامل کیا تھا اور میری البم کو بھرپور مقبولیت حاصل ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ بڑے موسیقار گھرانوں کے نئے گلوکاروں سے بھی یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ بھی اپنے بڑوں کے نقش و قدم پر چلتے ہوئے ان کی روایات قائم رکھیں گے اور اسی لیے موسیقی کے تمام بڑے گھرانوں سے بچپن سے ہی بچوں کو گلوکاری کی تربیت دینا شروع کر دی جاتی ہے تاکہ مستقبل میں جا کر ان میں اعتماد پختہ ہو چکاہو۔