بھارتی سائبر فورس

کشمیر یوں کی جاسوسی کیلئے بھارتی سائبر فورس کاقیام بنیادی انسانی حقوق کا قتل ہے ‘ چوہدری سرور

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کشمیر یوں کی جاسوسی کے لئے بھارتی سائبر فورس کے قیام کو بنیادی انسانی حقوق کا قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بھارت کا بے گناہ کشمیر یوں کو مشکوک قرار دے کر جیلوں میں ڈالنے کا ایک نیا شر مناک اور ظالمانہ منصوبہ ہے۔

پہلے ہی 1لاکھ61ہزار سے زائد بے گناہ کشمیر ی بھارتی فورسز کی قید میں ہیں ۔ دہشت گرد نر یندر مودی نے کشمیرکو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے ۔ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کی بھارتی جرائم پر خاموشی بھی ایک ظلم ہے۔ خدا کیلئے دنیا بھارت کے ان جرائم کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کروایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق سوموار کے روز گور نر ہائوس سے جاری بیان میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ 9لاکھ سے زائد بھارتی افواج اپنی تمام تر دہشت گردی کے باوجودکشمیر یوں کے حوصلے پست نہیں کر سکی اور کشمیر ی آج بھی اپنی آزادی کے لیے جرأت کے ساتھ جنگ لڑ رہے ہیں مگر اس بات میں بھی کوئی شک نہیں کہ بھارتی جرائم میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے اور کشمیر سے ان کے بنیادی حقوق بھی چھینے جا رہے ہیں۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ بھارت کشمیر یوں کی آواز کو دبانے کیلئے ہر روز نیا دہشت گرد طر یقہ اختیار کر تا ہے مگر اس کے باوجود بھارت اپنے عزائم میں ہر بار ناکام ہی ہوتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ کشمیر میں آر ایس ایس کے ہندوؤں کو آباد کر کے کشمیر یوں کو اقلیت میں بدلنے کے بھارتی منصوبہ کا بھی دنیا کو نوٹس لینا ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ امت مسلمہ بھی اس منصوبے پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر نے کی بجائے بھارت کے ایسے جرائم کا نوٹس لے تاکہ کشمیر یوں کو مزید بھارتی مظالم سے بچایا جاسکے۔گور نر پنجاب نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد بے گناہ کشمیر ی پہلے ہی بھارتی فورسز کی قید میں ہیں اور اب کشمیر میں بھارتی سائبر فورس کے ذریعے مزیدکشمیر یوں کو نشانہ بنایا جائے گا ۔

اُنہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے تمام اداورں کوبھارت کی ظالمانہ کاروائیوں کے خلاف نہ صرف آواز بلند کر نی چاہیے بلکہ ان کو مجبور کیا جائے کہ وہ کشمیر یوں پر مظالم کا سلسلہ بند کرکے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کر ے۔اُنہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا اس وقت تک خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ہوسکتا۔