اسلام آباد (ر پورٹنگ آن لائن)کشمیر پریمیر لیگ کی ٹیم کوٹلی لائنز کے کپتان کامران اکمل نے کہا ہے کہ کشمیر پریمیر لیگ کی وجہ سے کشمیریوں کو خوشیاں ملی ہیں۔ایک انٹرویومیں کامران اکمل نے کہا کہ رکاوٹوں کے باوجود کشمیر پریمیر لیگ کا ہونا خوش آئند ہے اس وقت کوئی بڑا ایونٹ ہونا کشمیریوں کیلئے بہت ضروری تھا اور اب یہ بڑا ایونٹ کرکٹ اور کے پی ایل کی صورت میں ہوا ہے جو کہ بہت اچھا ہے اس کے پی ایل کی وجہ سے کشمیریوں کو خوشیاں ملی ہیں۔وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ چھوٹی چھوٹی چیزیں ہیں جنہیں انتظامیہ دور کریگی تاہم ایونٹ کا ہونا غیر معمولی بات ہے اور یہی وجہ ہے کہ اب کے پی ایل کو انٹر نیشنل لیگ کے طور پر لیا جا رہا ہے۔
کامران اکمل نے کہاکہ امید ہے آئندہ سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی بھی شامل ہوں گے اور قومی ڈیوٹی کے بعد قومی کرکٹرز کے آنے سے لیگ کا امپیکٹ مزید بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ مقامی کشمیری کھلاڑیوں کو اپنے تجربے سے آگاہ کر رہے ہیں جس سے انہیں ضرور فائدہ ہو گا، وکٹ کیپر بیٹسمین بھی مظفر آباد کی خوبصورتی سے متاثر ہوئے بنا نہ رہ سکے اور کہاکہ مظفر آباد دنیا کے خوبصورت گرائونڈز میں سے ایک ہے۔









