فردوس عاشق

کشمیریوں کے استحصال کے خاتمے تک خطے میں قیام امن کا خواب شرمندہ نہیں ہوسکتا، فردوس عاشق

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیریوں کے استحصال کے خاتمے تک خطے میں قیام امن کا خواب شرمندہ نہیں ہوسکتا۔

جمعرات کوتفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ مودی کا بھارت دنیا بھر میں بدنما داغ بن چکا ہے، بھارت ہوش کے ناخن لے اور کشمیریوں کو جینے کا حق دے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بھارتی جنونی آر ایس ایس کا نظریہ چاک کرتے رہیں گے اور کشمیریوں کی آزادی تک کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہیں گے۔فردوس عاشق اعوان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کا سفیر بن کر ہٹلر مودی اور غاصب بھارت کا بھیانک چہرہ دنیا کے سامنے عیاں اور فاش کیا، پہلی مرتبہ مسئلہ کشمیر ٹھوس اور مدلل انداز میں دنیا بھر میں اجاگر کرنے کا سہرا وزیراعظم عمران خان کے سر جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی کھلم کھلا بدمعاشی غنڈا گردی پر کشمیر سراپا احتجاج بنے، غیور کشمیریوں کا احتجاج آج تک جاری و ساری ہے، قوم بھارتی ظلم وستم اور استحصال پر ڈٹ کر کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہیں اور آزادی تک ساتھ کھڑی رہیں گی، اقوام عالم جنونی مودی کو لگام ڈالے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارتی جابرانہ اور غاصبانہ قبضے اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے خلاف آج یوم استحصال کشمیر منایا جارہا ہے، 5 اگست 2019 کو بھارت نے ظلم و بربریت اور طاقت کے نشے سے چور ہو کر کشمیریوں پر شب خون مارا اور فوجی قبضہ کرلیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ اس دن کے منانے کا مقصد بھارتی ناپاک مکروہ عزائم کا پردہ چاک کرنا اور بھارتی قبضے کی حقیقت اور اصلیت دنیا کے سامنے آشکار کرنا ہے۔