اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے افضل گرو اور محمد مقبول بھٹ کی برسی کے موقع پر شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کا جذبہ حریت بھارتی افواج کے تمام تر مظالم سے زیادہ طاقتور ہے ، افضل گرو اور مقبول بھٹ جیسے شہدا کی قربانیوں کے باعث حق خود ارادیت کی جدوجہد بھر پور انداز سے جاری ہے ۔
علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ افضل گرو کا عدالتی قتل بھارتی ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل بے دریغ جاری ہے۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان نے کہا کہ بھارت کے تمام ریاستی ادارے آر ایس ایس کے اہلکار بن چکے ہیں ، بھارت میں مسلمانوں کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندو انتہا پسند کھلے عام مجموں میں مسلمانوں کی نسل کشی کے لیے بھارتی عوام کو اکسا رہے ہیں ، کرناٹکا میں مسلمان طالبات کو حجاب سے روکنا بھارتی ہندو انتہا پسندی کی تازہ مثال ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ دنیا بھارت میں موجود اقلیتوں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل خطے کے دیرپا امن کے لیے ضروری ہے۔









