وزیر خارجہ

کشمیریوں نے بھارت کے 5اگست کے اقدامات کو مسترد کر دیا ہے ،پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، وزیر خارجہ کی گفتگو

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیردفاع پرویزخٹک اور مشیرقومی سلامتی معید یوسف نے لائن آف کنٹرول(ایل او سی)کا دورہ کیا ہے۔ لائن آف کنٹرول پر عسکری حکام کی جانب سے وزیرخارجہ کو تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی،وزیرخارجہ کو بھارتی کی جانب سے کی جانیوالی خلاف ورزیوں کے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔

عسکری حکام نے بتایا کہ بھارت میں لائن آف کنٹرول پر رہنے والے سویلینز کو ہٹا دیا گیا ہے،تفصیلات کے مطابق سوموار کووزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اوروزیردفاع پرویز خٹک چری کوٹ سیکٹر کا دورہ کیا ہے جبکہ معاون خصوصی معید یوسف، عسکری حکام اور میڈیا کے نمائندے بھی ہمراہ ان کے ہمراہ تھے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ یہ دورہ کشمیریوں کیساتھ اظہاریکجہتی کرنے کیلئے ہے۔ ہم کشمیریوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے بھارت کے 5اگست کے اقدامات کو مسترد کر دیا ہے اور 5اگست کے اقدامات کو کوئی قبول نہیں کرے گا۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ حق خود ارادیت کی جدوجہد جاری رہے گی۔

وزیرخارجہ کو عسکری حکام کی جانب سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی،بریفنگ کے دوران بتایا کہ گیا بھارتی خلاف ورزی سے پاکستانی عوام کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ عسکری حکام نے یہ بھی بتایا کہ پاک فوج کی جانب سے کس طرح بھارتی فوج کی چوکیوں کو نقصان پہنچایا جاتا ہے۔