لاہور( رپورٹنگ آن لائن) سینئر اداکار ہ بشری انصاری نے کہا ہے کہ کسی بھی شخص کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ کسی کی نجی زندگی میں مداخلت کرے ،بد قسمتی سے دوسروں کی نجی زندگی میں جھانکنا اور تنقید برائے تنقید مقبول فیشن بن گیا ہے ۔ ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ ہمارے معاشرے میں دوسروں سے حسد کا بہت رجحان ہے جو انتہائی خطرناک ہے ،ہمیں جیو اور جینے دو کی پالیسی اپنانی ہو گی ،
نہ آپ کسی کو تنگ کریں نہ کوئی آپ کو تنگ کرے اور سب اپنی اپنی منزل کے حصول کے لئے لگے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کوکوئی اداکار یا اداکارہ پسند نہیں یہ نہیں ہونا چاہیے کہ آپ تنقید برائے تنقید کریں بلکہ آپ چینل تبدیل کر لیں ۔انہوںنے کہا کہ میں یہ ہر ممکن کوشش کرتی ہوں کہ میں کسی کی منفی بات پر رد عمل نہ دوں لیکن پھر بھی اکثر اوقات اپنے اوپر ضبط نہیں رکھ پاتی اور رد عمل دے دیتی ہوں۔









