عظمی بخاری

کسی صوبے کے وزیراعلیٰ کا ازخود ملکی پالیسی کیخلاف بات کرنا اینٹی سٹیٹ جانے کے مترادف ہے’عظمیٰ بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ کسی ملک سے کسی صوبے کے وزیراعلیٰ کا ازخود ملکی پالیسی کے خلاف بات کرنا اینٹی سٹیٹ جانے کے مترادف ہے،بیرسٹر سیف ڈرامے بازی بند کریں علی امین گنڈاپور اپنے بیان میں بتا چکا ہے وہ افغانستان سے کیوں بات کرنے جا رہا ہے۔

انہوں نے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے خود کہا میں وفاق اور اس کی خارجہ پالیسی کو کچھ نہیں سمجھتا، آپ کا وزیراعلی کہتا ہے میں اپنی مرضی کے فیصلے کروں گا، اپنے نالائق وزیراعلی کو بتائیں کسی بھی ملک کی خارجہ پالیسی وفاق بناتا صوبے نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اپنے صوبے کی بہتری کے لیے سفیروں سے ملاقات کرنا اچھی بات ہے، وزیراعظم کے ساتھ غیر ملکی دوروں پر جانا وفاق کو مضبوط کرنا ہوتا ہے لیکن کسی ملک سے کسی صوبے کے وزیراعلی کا ازخود ملکی پالیسی کے خلاف بات کرنا اینٹی سٹیٹ جانے کے مترادف ہے، دوسرے ملک کے نمائندوں کے ساتھ کسی صوبے کے وزیراعلی کا وفاق کو بائی پاس کرکے ملنا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہمیں نظر آرہا ہے آپ لوگ کس ایجنڈے پر چل رہے ہم نے آنکھیں بند نہیں کیں ،قوم بھی آپکا ڈبل سٹینڈرڈ اور مکاریاں جان چکی ہے۔