راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کسی سیاستدان یا مذہبی رہنما نے پاکستان کو نہیں بدلنا، ملک میں تبدیلی طلبا نے لانی ہے، ملک کی تقدیر یونیورسٹیاں اور طلبا بدلیں گے، پاکستان اور آپ کا مستقبل آپ کے اپنے ہاتھوں میں ہے، جب کورونا آیا تو ہم ماسک اور دیگر اشیا درآمد کر رہے تھے، کورونا کے دوران پاکستان صرف 7 ماہ میں سب سے بڑا ایکسپورٹر بنا، ڈگری لیکر گھر نہیں بیٹھنا، پاکستان کی معیشت میں حصہ ڈالنا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چو ہدری نے راولپنڈی میں یونیورسٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوان ہیں اور نوجوانوں کا مستقبل ان کے اپنے ہاتھوں میں ہے‘ کسی سیاستدان یا بیوروکریٹ نے آکر پاکستان کو نہیں بدلنا‘ یونیورسٹیز اور طلباء ہی اس ملک کو تبدیل کرسکتے ہیں۔ پاکستان جب بنا ملک میں ایک یونیورسٹی تھی اب ملک میں دو سو یونیورسٹیز ہیں۔
یونیورسٹیز سے آنے والے طلباءنے ہی ملک کو بدلنا ہے۔ ملکی معیشت میں حصہ ڈالنے کے لئے یونیورسٹیوں کے سربراہان اپنے ٹارگٹ سیٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرونا وباءآئی تو ہمیں ماسک‘ کرونا وباءسے بچاﺅ کیلئے کٹ اور سینیٹائزر تک باہر سے منگوانا پڑے صرف سات ماہ میں پاکستان کورونا وباءسے بچاﺅ کے لئے استعمال ہونے والی کٹس فراہم کرنے والے بڑے ممالک میں شمار ہونے لگا۔ اسی طرح ملتان ‘ فیصل آباد میں زرعی یونیورسٹیز زراعت کی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کررہی ہیں۔
یونیورسٹیز پرائیویٹ انٹر پنیور کے ساتھ مل کر پاکستان کی معیشت میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیاں ڈگریاں لے کر گھر نہ بیٹھ جائیں ملک کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ جدید زراعت کے طریقے عام کسانوں تک پہنچا کر زراعت کو مزید ترقی دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل شاندار ہے اس کے طلباءکا مستقبل شاندار ہیں