تہران (رپورٹنگ آن لائن)ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ان کا ملک اب ملک میں کسی بھی مقام پر یورینیم افزودہ نہیں کر رہا ہے.
امریکی ٹی وی کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ایرانی وزیر خارجہ نے گزشتہ جون میں اسرائیل اور امریکہ کی طرف سے افزودگی کی تنصیبات پر بمباری کے بعد اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے ایرانی حکومت کی جانب سے اب تک کا سب سے واضح جواب دیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں کوئی غیر اعلانیہ جوہری افزودگی نہیں ہو رہی ہے۔ ہماری تمام تنصیبات بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی ضمانتوں اور نگرانی کے تحت ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ ہماری افزودگی کی تنصیبات پر حملہ ہوا تھا۔ اس لیے فی الحال کوئی افزودگی نہیں ہو رہی ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ امریکہ اور دیگر فریقوں کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کے لیے ایران کو کیا کرنا چاہیے، تو عراقچی نے کہا کہ ان کے جوہری پروگرام کے بارے میں ایران کا پیغام اب بھی واضح ہے۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ افزودگی کا ایران کا حق اور جوہری ٹیکنالوجی کا پرامن استعمال، بشمول افزودگی، ناقابل تردید ہے۔ ہمیں یہ حق حاصل ہے اور ہم اس پر عمل کرتے رہیں گے اور ہمیں امید ہے کہ امریکہ سمیت بین الاقوامی برادری ہمارے حقوق کو تسلیم کرے گی اور سمجھے گی کہ یہ ایران کا ایک غیر متزلزل حق ہے اور ہم اس سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔









