قصور(رپورٹنگ آن لائن) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کسان سیلاب کی وجہ سے رُل گئے، وزیراعظم زرعی ایمرجنسی کا اعلان کریں۔
بلاول بھٹو زرداری پنجاب کے ضلع قصور کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے، جہاں پہنچنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری منظور احمد نے اپنے قائد کا پرتپاک استقبال کیا۔
انہیں نے اپنے دورے کے دوران تلوار پوسٹ فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا جہاں انہوں سے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، راجہ پرویز اشرف، حسن مرتضیٰ، ندیم افضل چن ، قمر زمان کائرہ ودیگر بھی اُن کے ہمراہ تھے جب کہ بلاول بھٹو زرداری نے پنڈال میں لوگوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا، انہیں ڈی پی اواور ڈی سی نے بریفنگ دی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ سیلاب سے پنجاب میں زیادہ نقصان ہوا ہے، یہاں بہت سے علاقوں میں تباہی نظر آرہی ہے، وفاق اور صوبائی حکومتوں کو عوام کی مدد کرنی چاہیے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت سیلاب میں بہت محنت کررہی ہے، ماننا چاہیے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازاپنی ٹیم سمیت دن رات بہت محنت کررہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم سب کو سیلاب متاثرین کا بھرپور ساتھ دینا چاہیے، زراعت ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتی ہے، بے نظیر انکم سپورٹ کے ذریعے سیلاب متاثرین کی مدد کی جائے۔انہوں نے کہا کہ کسان سیلاب کی وجہ سے رُل گئے ہیں،وزیراعظم سے مطالبہ ہے کہ زرعی ایمرجنسی لگانے کا اعلان کیا جائے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پی پی پی کے نمائندوں کو امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے پابند کیا ہے، ہم سب مل کر قدرتی آفت کا مقابلہ کریں گے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ بھارت انسانیت بھی بھول گیا ہے،سیلاب سےمتعلق پاکستان سےانفارمیشن شیئر نہیں کر رہا، بھارت نےسندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کی۔