اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن )وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے قرضوں کی فراہمی میں ترجیح دی جائے، تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن ہو،نوجوانوں کو انٹرپرنیورشپ کی تربیت فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم شہبازشریف کی زیرِ صدارت ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں کاروباری طبقے اور چھوٹے کسانوں کو قرض کی فراہمی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سہولت کاری، معاشی شمولیت اور نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی کے موجودہ نظام پر بھی غور کیا گیا۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ زرعی شعبے کو قرض کی فراہمی کے طریقہ کار کو مزید سہل اور موثر بنانے کےلئے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ کسانوں کو بروقت مالی معاونت میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے قرضوں کی فراہمی میں ترجیح دی جائے، تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن ہو۔شہباز شریف نے اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا کہ سروس پرووائیڈرز کو ترجیحی بنیادوں پر قرض فراہم کیا جائے، کیونکہ یہ شعبہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے جامع پالیسی سازی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایم ایز ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو انٹرپرنیورشپ کی تربیت فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے، تاکہ وہ روزگار کے مواقع خود پیدا کر سکیں اور معیشت میں مثبت کردار ادا کریں۔اجلاس میں وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ مشیر ہارون اختر اپنی ٹیم کے ہمراہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور تمام صوبوں کا دورہ کریں تاکہ زمینی حقائق کی روشنی میں کاروباری طبقے اور کسانوں کے مسائل کا جائزہ لیا جا سکے اور قابلِ عمل تجاویز مرتب کی جا سکیں۔








