کریمنل لا ریفارمز

کریمنل لا ریفارمز کا پروپوزل تیار کر لیا، صوبوں سے تجاویز آنے کے بعد قانون سازی کی جائے گی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزارت قانون و انصاف نے کریمنل لا ریفارمز کا پروپوزل تیار کر لیا، صوبوں سے تجاویز آنے کے بعد قانون سازی کی جائے گی،جبکہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی ذیلی کمیٹی نے مجوزہ پروپوزل غور کے لیئے طلب کر لیا،کمیٹی اجلاس میں وزارت داخلہ حکام پولیس آرڈر 2002 کے نفاذ سے متعلق کوئی جواب نہ دے سکے جس پر کمیٹی نے برہمی کا اظہار کیا،

کنوینر کمیٹی نے کہا کہ ہم چائے پینے کے لیئے اور سرکار کے خرچے کے لیئے نہیں آتے،یہ تیسری مرتبہ ہم کہہ رہے ہیں،منٹس کے اندر لکھا ہوا ہے۔بدھ کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر کمیٹی ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں کوڈ آف کریمنل پروسیجر پر نظرثانی اور پولیس ریفارمز کا معاملہ زیر غور آیا۔کنوینر کمیٹی نے پولیس آرڈر 2002 پر عملدرآمد کے حوالے سے استفسار کیا، جس پر نیشنل پولیس بیورو حکام نے کمیٹی کو بتایاکہ عملدرآمد وزارت داخلہ نے کرنا ہے،نوٹیفیکیشن مجاز اتھارٹی نے کرنا ہے،

کنوینر کمیٹی کے استفسار پر وزارت داخلہ حکام کوئی جواب نہ دے سکے،وزارت داخلہ حکام نے کہاکہ اگلی دفعہ آپ کو رپورٹ دے دیں گے، کنوینر کمیٹی نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ہم چائے پینے کے لیئے اور سرکار کے خرچے کے لیئے نہیں آتے، یہ تیسری مرتبہ ہم کہہ رہے ہیں،منٹس کے اندر لکھا ہوا ہے،رکن کمیٹی نفیسہ شاہ نےکہا کہ حکومت کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ اس قانون کو نافذ کرنا ہے یاپرانے قانون کو، لا اینڈ آرڈر کی صورتحال بہت خراب ہو گئی ہے،بچوں کو ریپ کر کے پھینک دیا جاتا ہے ابھی تک صرف ایک مجرم کو پھانسی ہوئی ہے،

رکن کمیٹی شنیلا رتھ نے کہا کہ پولیس آرڈر2002 اسلام آباد میں رائج نہیں ہے،پولیس حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ پولیس آرڈر 2002 ابھی لاگو نہیں ہے،نیشنل پولیس بیورو حکام نے کہا کہ پولیس آرڈر2002 بہترین قانون ہے، پنجاب میں اپنا سسٹم ہے، سندھ کا اپنا قانون ہے،کنوینر کمیٹی نے کہا کہ یہ اچھا قانون ہے،وزارت قانون حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ کریمنل لا ریفارمز کا پروپوزل تیار ہو گیا ہے،صوبوں سے تجاویز آنے کے بعد اس کو قانون سازی کے مرحلے میں لے جائیں گے، آپ اس میں اپنی سفارشات بھی دے سکتے ہیں،کنوینر کمیٹی نے کہا کہ وہ دستاویز کمیٹی میں پیش کردیں،ہم اپنی سفارشات اس میں دے دیں گے