لاہور( رپورٹنگ آن لائن) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عوام اپنی آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے اصلاحات کے عمل کوبھرپور سپورٹ کر رہے ہیں ،
اپوزیشن اپنے ذاتی مفادات کیلئے ملک میں انارکی کی صورتحال پیدا کرنا چاہتی ہے ،کرپشن کرنے والوں کو اپنی کمیٹی کا نام رہبر کی بجائے ’’راہزن ‘‘رکھنا چاہیے تھا۔
میڈیا کیلئے جاری کئے گئے اپنے ویڈیو بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت نہ صرف تمام طبقات کے تحفظات سے آگاہی حاصل کر کے انہیں دور کر ے گی بلکہ انہیں ملک کے موجودہ حالات میں اٹھائے گئے غیر معمولی اقدامات پر بھی قائل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے خزانے پر جس طرح ہاتھ صاف کئے ہیں اس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔ دونوں جماعتیں ذاتی وسائل ہونے کے باوجود حکومتی خزانے کا بے دریغ استعمال کرنا اپنا حق سمجھتی رہیں ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی کابینہ بلکہ صوبائی حکومتوں نے بھی اپنے اخراجات میں کئی گنا کمی کی ہے اور بچت ہونے والا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جارہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں کے پیدا کئے گئے بیگاڑ کو ٹھیک کرنے کیلئے بڑی سرجری کی ضرورت ہے اور حکومت اسی جانب پیشرفت کر رہی ہے
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنی اے پی سی کیلئے قائم کی گئی کوارڈی نیشن کمیٹی کو رہبر کمیٹی کا نام دے رہی ہے حالانکہ اسے اس کا نام ’’ راہزن ‘‘ رکھنا چاہیے تھا۔